Sarchashma e Sehat Homeopthic Tareqa ilaj by Prof Dr Sayed Manzar Hussain Kazmi
سرچشمہ صحت ہومیو پیتھک علاج پروفیسر ڈاکٹر منظر حسین کاظمی
ہومیو پیتھی یا علاج بالمثل
ہو میو پیتھی طریقہ علاج انتہائی قدیم ہے جس سلسلہ کا ڈھائی ہزار سال قبل بقراط سے ملتا ہے۔ اس بالمثل طریقہ علاج کو ڈاکٹر سیمول ہنی مین نے ایلو پیتھک طریقہ علاج چھوڑ کر اپنے تجربات کی روشنی میں ہومیو پیتھی” نام دیا۔ یہ واحد علاج ہے جس میں کوئی ابہام نہیں۔ جسم کے گوشت اور خون میں قوت مدافعت ہے جو باہر کے جراثیم یا مرض پیدا کرنے کے اسباب کا مقابلہ کرتی ہے ۔ قوت حیات ہی کی بدولت جسم میں حس و حرکت ہے اور اعصاب کے ذریعہ قوت حیات ہی کی حکمرانی ہے۔ اس لئے قوت حیات کا مضبوط رہنا ضروری ہے۔ ہنی مین کا خیال تھا کہ خدا نے جسم پیدا کیا ہے جو ایک مکمل صورت ہے، اعضاء الگ الگ نہیں جوڑے گئے ۔ جسم کی حرکات کے لئے ایک نظام وضع کیا گیا پھر اسکی حفاظت کا انتظام بھی قدرت ہی کا عطیہ ہے۔ اگر ان عطیات پر کیمیکلز کے ہتھوڑے چلائے جائیں تو وہ ایک ایک کر کے بیکار ہوتے جائیں گے اور توڑ پھوڑ کا یہی عمل جاری رہے تو بجائے صحت کے موت واقع ہو گی۔ آج ہر طریقہ علاج والے اس بات پر متفق ہیں کہ جسم انسانی کی اصل حقیقت قوت حیات ہے اور یہی فلسفہ ہو میو پیتھی کی اصل بنیاد ہے۔
علم الادیان اور علم الابدان کا لازمی حصول
اللہ تعالی نے تخلیق آدم کے ساتھ ہی بنی نوع انسان کے لئے علم الادیان اور علم الابدان کے حصول کو لازمی قرار دیا ہے، تاکہ انسان ترقی کی منازل طے کرنے کے باوجود اپنی بقاء اور رہنمائی کے لیے ان علوم کا محتاج رہے۔ علم طب کا مطالعہ کرنے پر یہ واضح ہوتا ہے کہ اس کا موضوع اور ہدف صرف انسانی صحت اور بقاء تک محدود نہیں، بلکہ اس کی فلاح کا دائرہ حیات انسانی کے ساتھ ساتھ حیوانات، نباتات، اور جمادات تک پھیلا ہوا ہے۔
علم طب اور انسانی فلاح
حدیث مبارکہ ہے: “کوئی بیماری ایسی نہیں ہے جس کی دوا نہ ہو”۔ ہمارے اکابر حکماء اور اطباء نے اس حدیث کو اپنے ایمان کا حصہ بنا لیا تھا۔ یہی یقین کامل تھا جس نے نہایت غیر ترقی یافتہ ادوار میں اور وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود انسانیت کو در پیش ہر خطرے اور چیلنج کا مقابلہ کیا اور تاریخ طب میں اپنی تشخیص اور تدارک کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک اہم رہیں گی۔
ہومیو پیتھی: ایک مقبول طریقہ علاج
اس وقت دنیا میں جتنی بھی “پیتھیاں” رائج ہیں، ان میں ہومیو پیتھی کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ اس کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت کسی میڈیا کی مرہون منت نہیں، بلکہ اس کی افادیت نے اسے منوایا ہے۔ ہومیو پیتھی کا طریقہ علاج فطرت انسانی کے عوامل پر مبنی ہے، جس کی وجہ سے یہ مرض کا نہیں، بلکہ مریض کا علاج کرتی ہے۔
ہومیو پیتھی کے فروغ میں معالجین کا کردار
موجودہ دور میں ہومیو پیتھی کی ترقی میں ان معالجین کا بڑا حصہ ہے جنہوں نے طریقہ ہومیو پیتھی کے منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اس کے ارتقاء کے لئے شب و روز کوشاں رہے۔ ان کی کاوشوں نے ہومیو پیتھی کو دیگر طریقہائے علاج سے ممتاز کیا اور عام ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کو احساس کمتری کا شکار نہیں ہونے دیا۔
پروفیسر منظر حسین کاظمی کی خدمات
پروفیسر منظر حسین کاظمی بلاشبہ ان افراد میں شامل ہیں جو ہومیو پیتھی کے فروغ کے لئے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ ان کی تصنیف کردہ کتاب ہومیو پیتھک کی اشاعتی دنیا میں گراں قدر اضافہ ہے۔ پروفیسر صاحب کی شخصیت میں احساس ذمہ داری، جہد مسلسل، اور اپنے منصب سے وفاداری جیسے اوصاف شامل ہیں۔
پروفیسر کاظمی کی کتاب کی خصوصیات
پروفیسر منظر حسین کاظمی کی یہ کتاب نہ صرف مستند کتابوں سے اکتساب کا نتیجہ ہے، بلکہ اس میں ان کے مشاہدات اور تجربات کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے اس کتاب کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔ کتاب کا اسلوب بیان اتنا پر اثر ہے کہ پڑھنے والا کہیں بوجھل نہیں ہوتا، بلکہ اس کا تجسس اور شوق بڑھتا جاتا ہے۔
کتاب کی علمی اور عملی اہمیت
کتاب میں معالجات میں دوا کے ساتھ اس کی طاقت کے استعمال کا اضافہ کیا گیا ہے، جو معالجین کے لئے سہولت کا باعث ہے۔ ایلو پیتھک اور ہومیو پیتھک میں دوا کے مختلف اثرات اور حفظ ما تقدم کی ادویات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ مزید برآں، اناٹومی اور میتھالوجی کی مدد سے دوا کے اثرات اور جسم کے اندر بیماری کے اسباب کو بیان کیا گیا ہے، جس کے باعث معالجین کو فوری تشخیص اور دوا کی صحیح تجویز میں مدد ملے گی۔
دعائیں اور نیک تمنائیں
میری دعا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کی اس پر خلوص کوشش سے معالجین اور عوام الناس زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں اور اللہ تعالی ڈاکٹر صاحب کو اس کا بہترین اجر دے۔ آمین۔
اس کتاب سے فائدہ کس طرح حاصل کریں
طالب علم
اس کتاب سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے طلباء کو بورک، کلارک، یا کینٹ کی میٹریا میڈیکا کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ اس طرح، امراض اور ان کے علاج کے حوالے سے دواؤں کی علامات کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے گا۔ میٹریا میڈیکا علامات کا ایک رجسٹر ہے، جس کے بغیر دواؤں کے اثرات کی مکمل تصویر سامنے نہیں آ سکتی۔ اس کتاب میں درج دواؤں کا انتخاب اسی حوالے سے کیا گیا ہے۔