Urdu Grammar Punjab Textbooks for 9th and 10th PDF

Urdu Grammar Books for 9th and 10th PDF اردو گرامر کتابیں برائے 9ویں اور 10ویں جماعت

اردو گرامر کتابیں برائے 9ویں اور 10ویں جماعت پنجاب ٹیکسٹ بک

پیش لفظ

لفظ بولا ہوا ہو یا لکھا ہوا، ایک نسل سے دوسری نسل تک علم وفن کی ترسیل کا سب سے مؤثر وسیلہ لفظ ہی رہا ہے اور لکھے ہوئے لفظ کی عمر بولے ہوئے لفظ سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اسی لیے انسان نے تحریر کا فن ایجاد کیا اور جب آگے چل کر چھپائی کا فن ایجاد ہو گیا تو لفظ کی زندگی اور اس کے حلقہ اثر میں اور بھی اضافہ ہوا۔ کتاب لفظوں کا ذخیرہ اور اسی نسبت سے مختلف علوم و فنون کا سرچشمہ ہے۔ زندہ قومیں شعوری یا لاشعوری طور پر اپنی زبان کی حفاظت اور اسے نکھار نے سنوار نے سے عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھتی ہیں۔ زبان کے اصول وقواعد کا مطالعہ باوقار قوموں کی حیات جاوداں کے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا کامیاب زندگی گزارنے کے لیے قاعدے قانون پر عمل پیرا رہنے کا۔ یہ امر نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ زبان کے حق میں بھی نیک فال بھی ہے۔ اصول فطرت ہے کہ دس سے پندرہ سال کی عمر کا دورانیہ ایسا ہی بیجان خیز دور ہے جب بچے میں زبان سیکھنے اور زبان کو اپنے اندر سمونے کی صلاحیت سب سے زیادہ ہوتی ہے اور زبان سیکھنے سے دماغ کا حجم بھی بڑھتا ہے بشرطیکہ اس عمر کے بچے کو سیکھنے سکھانے کا مناسب ماحول میسر آجائے ، جس کے لیے قواعد و انشا کی کسی ایسی کتاب کا ہونا لازمی امر ہے جہاں سے بچے کو بنیادی طور پر وہ تمام مواد حاصل ہو جائے جسے آگے چل کر اسے عملی زندگی میں برتنا ہے۔ اساتذہ کرام سے یہ امرمخفی نہیں کہ ہمارے یہاں قواعد و انشا کے نصاب میں آئے دن کتر بیونت ہوتی رہتی ہے۔ ہم نے اس بات کی پروا کیے بغیر اس امر کو ضروری سمجھا ہے کہ قواعد و انشا کے بنیادی اصول وضوابط پر عبور حاصل کیے بغیر زبان دانی کی فہم مکمل نہیں ہوتی ، اس لیے ہم نے اس کتاب میں قواعد و انشا کی تمام مبادیات کو شامل رکھا ہے البتہ ان میں وقت کے تقاضوں کے پیش نظر کچھ چیزوں میں کتر بیونت اور کچھ چیزوں کا اضافہ کیا ہے مثلاً: منقوط، غیر منقوط اور بھاری حروف ، حروف شمسی اور قمری، افعال معاون رموز اوقاف، روزمرہ اور محاورات اور ضرب الامثال اور نئے مضامین مثلاً : شجر کاری کی اہمیت و افادیت ، ٹیکنیکل ایجوکیشن ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈینگی بخار، فوگ اور سموگ : اسباب، اثرات و تدارک تعلیم نسواں اور ملکی ترقی ، لائبریری، اسلام میں گداگری کی مذمت، سیلاب، سیر و سیاحت تعلیم بھی تفریح بھی ، زلزلے کی تباہ کاریاں اور تمباکونوشی کے نقصانات وغیرہ۔ امید ہے ہماری اس کاوش کو معزز اساتذہ کرام ، طلبہ، والدین اور علمی حلقے سراہیں گے۔

جملہ حقوق بحق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ ، لاہور محفوظ ہیں۔

اداره